اُڈپی 21 ؍ اکتوبر (ایس او نیوز)ملپے بندرگاہ سے گہرے سمندر میں ماہی گیری کے لئے گئی ایک کشتی کے جال میں دو دیو قامت کانٹے دار دم والی (اسٹنگ رے فِش) مچھلیاں پھنس گئیں جنہیں بندر گاہ پر اتار نے کے لئے کرین کا استعما ل کرنا پڑا۔
سبھاش نامی شخص کی ملکیت والی کشتی کے جال میں آج دراصل 2 اسٹنگ رے مچھلیاں پھنسی ہیں ،ان میں سے ایک مچھلی 700کلو گرام وزنی ہے اوردوسری مچھلی کا وزن 250 کلو گرام بتایا گیا ہے۔’اسٹنگ رے ‘ مچھلی کو بھٹکل و اطراف کے علاقے میں عام زبان میں’ واگولی‘ اورمہاراشٹرا وغیرہ میں ’واگھالی‘کہا جاتا ہے ۔ اس کی دم جسے یہ مچھلی اپنے شکار پر حملہ کرنے کے لئے استعمال کرتی ہے ،اس میں جوکانٹے ہوتے ہیں وہ انتہائی زہریلے اور ہلاکت خیز مانے جاتے ہیں۔
ملپے بندرگا ہ پر ان مچھلیوں کو اتارنے کا منظر دیکھنے کے لئے لوگوں کا ہجوم لگ گیا۔ اس سے قبل بھی اسی بندرگاہ پر ایسی اور اس سے زیادہ وزنی دیوقامت مچھلیاں جال میں پھنس چکی ہیں، مگر مقامی ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے بعد شروع ہونے والے سیزن میں یہ سب سے بڑی مچھلی ہے جو ہاتھ لگی ہے۔